پاکستان نے سعودی عرب کو دفاعی معاہدے کی پیشکش کردی


پاکستان نے سعودی عرب کو دفاعی معاہدے کی پیشکش کردی

پاکستانی وزیر دفاع نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع سے اسلام آباد میں ملاقات کرکے شکوہ کیا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کے باوجود دفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود دفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں تاہم دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ملاقات کی۔

سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے اس دوران کہا کہ سعودی حکومت مسلح افواج کی تربیت کے لیے بالخصوص انسداد دہشت گردی غیر معمولی جنگ اور پہاڑوں پر لڑائی کے میدان میں پاکستان کا تعاون چاہتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں اہم تعلقات کے باوجود دفاع کے میدان میں اسٹرٹیجک تعاون کے معاہدے نہیں ہیں۔ انہوں نے دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کی۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اسٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک میں یونیورسٹیوں کے معاہدوں کو تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ر ضمیر الحسن شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری دفاع فیصل رسول لودھی اور سعودی سفیر نواب سعید المالکی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے سرحدوں پر خلاف ورزی کا ذکر کیا جس کے نتیجے میں بہت سے شہری جاں بحق ہوئے۔ وفاقی وزیر نے اس صورتحال کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی حکومت کو اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کو کہا۔

علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری