امریکا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اپنا اعلان فوری واپس لے، وزیراعظم پاکستان

وزیراعظم پاکستان نے بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا اور تاکید کی کہ عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے۔

خاقان عباسی

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق استنبول میں القدس سے متعلق منعقدہ او آئی سی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرناعالمی قوانین کے منافی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے لہذا پاکستان امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے جب کہ پورا پاکستان فلسطین اور فلسطینی عوام کے پیچھے کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے او آئی سی کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ تمام تر اختلافات بھلا کر القدس کے معاملے پر مضبوط اور متفقہ لائحہ عمل طے کریں جب کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو انصاف اور آزادی کے لیے متحد ہونا ہو گا، ہمیں آزاد فلسطینی ریاست کی جدوجہد کرنا ہوگی جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہو۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری