مقبوضہ کشمیر؛ آیت اللہ حائری شیرازی کی رحلت جانسوز پر مذہبی رہنماوں اور دینی تنظیموں کا اظہار رنج


مقبوضہ کشمیر؛ آیت اللہ حائری شیرازی کی رحلت جانسوز پر مذہبی رہنماوں اور دینی تنظیموں کا اظہار رنج

اسلامی جمہوریہ ایران کے معروف عالم دین عضو مجلس خبرگان عالم ربانی عارف باللہ مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ حائری شیرازی کی رحلت جانسوز پر کشمیر کے مذہبی رہنماوں اور تنظیموں نے گہری رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اتحاد المسلمین جموں و کشمیر نے آیت اللہ کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے تنظیم کے سرپرست اعلی و سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی نشر علوم اسلامی میں صرف ہوئی۔

انصاری نے کہا کہ مرحوم انقلاب اسلامی کے ایک اہم ستون تھے جس نے تکالیف اور سختیاں برداشت کیں لیکن یزید وقت کے سامنے سر خم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم حائری نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) کے شانہ بشانہ ملت کو شاہی بربریت سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کیا جس دوران مرحوم حائری کو سخت مصائب جھیلنے پڑے۔

مولانا انصاری نے کہا کہ مرحوم نے دین مبین اسلام کے تئیں ناقابل فراموش خدمات انجام دئے جو رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم اتحاد اسلامی کے داعی رہنما تھے جس کی مجاہدانہ زندگی امت اسلامیہ کے لئے نمونہ عمل ہے۔

مولانا نے مرحوم حائری کے رحلت جانسوز پر تمام امت اسلامیہ بالخصوص مقام معظم رہبری کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کیا۔

پیروان ولایت جموں و کشمیر نے بھی مرجع عالیقدر سالک الی اللہ حضرت آیت اللہ حائری کی رحلت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں پیروان کے سربراہ مولاناسبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ آیت اللہ حائری ایک عظیم معلم اخلاق اور عالم ربانی تھے جس کی ساری زندگی امت اسلامیہ کی بھلائی کیلئے صرف ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم انقلاب اسلامی ایران کے اہم ترین رکن تھے جنہوں نے وقتاً فوقتاً ظلم و ستم برداشت کئے اس کے باوجود اسلام کی ترویج و اشاعت کے فرائض برابر انجام دیتے رہے۔

مولانا نے کہا کہ مرحوم امام خمینی کے معتمد خاص تھے اور انہوں نے امام جمعہ کے ساتھ ساتھ مجلس خبرگان میں بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دئے۔

مولانا قمی نے آیت اللہ حائری کی رحلت پر تمام عالم اسلام بالخصوص مقام معظم رہبری اور ولی عصر حضرت صاحب الزمان(عج) کی خدمت میں تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا ہے۔

ادھر پیروان ولایت کے صدر مولانا صوفی نے بھی مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ حائری کی رحلت پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے۔

مولانا نے کہا کہ مرحوم مجاہد اسلام تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں بہت سارے تکالیف کا سامنا کیا یہاں تک کہ انقلاب اسلامی کے طرفدار ہونے کی پاداش میں کئی بار جھیلوں میں اذیتناک سختیوں کا سامنا کیا۔

مولانا صوفی نے کہا کہ مرحوم امام خمینی کے بعد ولی امر المسلمین حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے خاص پیروکاروں میں سے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ حائری کی جانسوز رحلت ملت اسلامیہ کیلئے ایک عظیم صدمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس  مصیبت بار سانحہ پر تمام ملت اسلامیہ خصوصاً حضرت امام زمانہ (عج) اور آپ کے نائب برحق رہبر عظیم الشان کی خدمت میں تعزیت و  تسلیت پیش کرتے ہیں۔

درایں اثناء انجمن شرعی شیعیان، تنظیم المکاتب کشمیر، اہلبیت فاونڈیشن اور انجمن صدائے حسین سمیت کئی دیگر تنظیموں نے بھی اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں آیت اللہ حائری شیرازی کی رحلت دلسوز پر غم و دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری