ملائیشیا اور اردن سمیت دنیا بھر میں بیت المقدس کی حمایت میں مظاہرے

بیت المقدس کی حمایت اور صہیونی حکومت کے خلاف ملائیشیا اور اردن سمیت دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملائیشیا اور اردن سمیت دنیا بھر میں بیت المقدس کی حمایت میں مظاہرے

تسنیم خبر رساں ادارے نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملائیشیا اور اردن سمیت دنیا بھر میں بیت المقدس کی حمایت میں وسیع پیمانے پرمظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اردن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے امریکی سفارتخانےکے سامنے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے۔

اردن ہی کے شہر اربد میں بھی ہزاروں مظاہرین نے امریکی تسلط پسندانہ رویوں کے خلاف مظاہرے کئے ہیں۔

ادھر ملائشیا میں بروز جمعہ ہزاروں شہریوں نے امریکی اور صہیونی حکومتوں کے خلاف نعرہ بازی کی اور امریکہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

ملائیشیا میں مظاہرین کے ساتھ ساتھ اس ملک کے وزیراعظم نجیب رزاق بھی امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے۔

واضح رہے کہ امریکی فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، ہزاروں برطانوی شہریوں نے جمعہ کی شب دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر مارچ کیا اور بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے اشتعال انگیز اور متنازعہ اعلان کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکی صدر کے اعلان کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ "ٹرمپ کو مٹی میں گاڑ دو، فلسطین کو آزاد کرو، برطانیہ امریکہ خصوصی تعلقات ختم کرو۔"

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی امریکی سفارت خانے کے سامنے ایسا ہی مظاہرہ کیا گیا جس میں شریک لوگوں نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔

ایتھنز کے مظاہرے میں شریک لوگ فلسطینیوں کے خلاف امریکی صدر کے مخاصمانہ اعلان کی مذمت میں نعرے بھی لگا رہے تھے۔

مظاہرین نے بیت المقدس کو عالم اسلام اور فلسطین کا اٹوٹ حصہ قرار دیا اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں اور فلسطینیوں کے خلاف امریکی صدر کی دشمنی پر خاموش نہ رہیں۔

اسپین کی مسلمان برادری نے بھی اپنے مشترکہ بیان میں امریکی اقدام کے خلاف عالمی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلمانوں سے باہمی اتحاد و یکجہتی کا مطالبہ کیا ہے۔

قاہرہ میں ہزاروں لوگوں نے بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے مخاصمانہ اعلان کے خلاف زبردست مظاہرے کیے اور امریکی صدر کو مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا۔

پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں سے بھی بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے اشتعال انگیز اور متنازعہ اعلان کے خلاف مظاہروں اور احتجاجات کی خبریں مسلسل موصول ہورہی ہیں۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری