امریکا پر نہیں، یورپ پر اعتماد کرسکتے ہیں، محمود عباس


امریکا پر نہیں، یورپ پر اعتماد کرسکتے ہیں، محمود عباس

فلسطین کے صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ امریکا قابل اعتماد نہیں رہا، اب ہم مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی جانب سے کسی بھی طرح کی "امن کوشش" کو قبول نہیں کریں گے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کے صدر محمود عباس نے فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں میں ثالث کا کردار کھوچکا ہے اور ہم امریکی امن کوششوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

فرانسیسی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود عباس کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ دیگر ممالک سبق حاصل کریں گے کہ محض پیسوں کے ذریعے ملکوں کو نہیں خرید سکتے اور نہ ہی اپنے فیصلے زبردستی دوسروں پر منوائے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے مشترکہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے یکطرفہ امریکی فیصلے کی مذمت ہے۔

رواں ماہ 21 دسمبر کو نیویارک میں 193 اراکین پر مشتمل اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بیت المقدس پر امریکی فیصلے کے خلاف مذمتی قراردار پیش کی گئی جس کی 128 اراکین نے حمایت اور 9 نے مخالفت کی جبکہ 35 ارکان غیر حاضر تھے۔

محمود عباس نے فرانسیسی صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "ہم نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا، ہم آپ کے اقدامات کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور آپ کے اقدامات پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔"

فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پُرامن مذاکرات کے لئے ان کی کوششیں واضح ہیں وہ امریکا کی طرح غلطیاں نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ برس فلسطین کا دورہ کریں گے اور فرانس اور فلسطینی حکومت کے مابین تعلقات میں بہتری کے لئے رابطے بحال کریں گے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری