مضبوط اقتصادی تعاون کا خواب علاقائی امن اور پرامن بقائے باہمی سے وابستہ ہے، صدر ممنون حسین


مضبوط اقتصادی تعاون کا خواب علاقائی امن اور پرامن بقائے باہمی سے وابستہ ہے، صدر ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے کا امن فعال روابط، باہمی تجارت میں اضافے اور موثر تعاون سے براہ راست منسلک ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق انہوں نے یہ بات اتوار کے روزاسلام آباد میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیراہتمام چھ ملکی سپیکرز کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے خطے کے تمام ممالک کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک اور سی پیک مغربی چین، جنوبی وسطی ایشیا، افریقہ اور یورپ کی منڈیوں کوایک دوسرے کےقریب لائے گا۔

انہوں نے کہاکہ مضبوط اقتصادی تعاون کے خواب کا علاقائی امن اور پرامن بقائے باہمی سے گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نےاسی جذبے کے تحت افغانستان میں امن و استحکام کے لئے مخلصانہ اور غیر مشروط تعاون کیا ہے۔

صدرنے کہاکہ پاکستان نےا نسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کے تحت سرحدوں کے موثر انتظام کےلئے ہمسایہ ملکوں کو اپنے مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہاکہ اگر چہ دہشت گردی نے دنیا کے بہت سے ملکوں کو متاثر کیا ہے لیکن پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ میں بیرونی طاقتیں بھی ملوث ہیں۔

مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس دیرینہ تنازعے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں جنگ کے خطرے کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایازصادق نے تمام تصفیہ طلب تنازعات کے پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پرامن اور مذاکراتی حل پر زور دیا ہے۔

افغانستان کے ولیسی جرگہ کے صدر عبدالروف ابراہیمی نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ اس کا ہماری ترقی و خوشحالی اور امن سے گہرا تعلق ہے۔

چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین Zhang Pingنے کہاکہ کوئی ملک تنہا انسانیت کو در پیش مسائل سے عہدہ برآ نہیں ہوسکتا اس لئے ہم سب کو اس سلسلے میں مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر علی اردیشر لاریجانی نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے مذہب کا نام استعمال کرنے والے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کررہے۔

روسی پارلیمنٹ ڈوما کی وفاقی اسمبلی کے چیئرمین Vyacheslav V.volodin نے کہا کہ ہم اجتماعی کاوشوں سے دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں انہوں نے دہشت گردی کے لئے مالی امداد روکنے اور مضبوط قانون سازی پر زور دیا۔

ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل کہرمان نے کہا کہ کانفرنس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اس لئے اس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جانا چاہیے۔

اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سپیکرز کانفرنس سے پاکستان کا بہتر تشخص اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے نمایاں کردار کو اجاگر کرنے میں مددملے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری