پاکستان نے اپنا وعدہ پورا کیا، ترجمان دفترخارجہ


پاکستان نے اپنا وعدہ پورا کیا، ترجمان دفترخارجہ

دفترِخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کیا اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی ان کی اہلیہ اور والدہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کرادی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتہ جاسوس کلبھوشن یادیو کی ان کی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ‘یہ ملاقات قونصلر رسائی کے تناظر میں نہیں بلکہ انسانی بنیادیوں پر کرائی گئی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا کہ میں دوٹوک الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ کلبھوشن یادیو کی ان کے اہلخانہ سے یہ آخری ملاقات نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کی ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ تھا لیکن کلبھوشن کی اہلیہ کی درخواست پر انہیں مزید 10 منٹ دیئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کلبھوشن کی اہلخانہ سے ملاقات والے کمرے میں ساؤنڈ پروف شیشہ نصب تھا اور بھارتی ڈپٹی کمیشنر بھی ان کے درمیان ہونے والی گفتگو نہیں سن سکتے تھے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ‘کلبھوشن سے ملاقات کے لیے آنے والے اہلخانہ کے چہروں پر اطمینان تھا اور انہوں نے پاکستان سمیت انفرادی طور پر سب کا شکریہ بھی اداکیا۔

کلبھوشن کے طبی معائنہ کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ان کا جرمن ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرایا گیا اور رپورٹس کے مطابق وہ طبی اعتبار سے بالکل تندرست ہیں۔

پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ بھارت میں طبی علاج کی غرض سے بھارتی ہائی کمیشن سے ماہانہ 500 ویزے جاری ہوتے تھے لیکن اب ویزے کے اجرا پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو طبی علاج پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور مثبت رویہ اپناتے ہوئے علاج کے لیے ویزے دینے چاہیئں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کردیا تھا کہ بھارتی سفارت کار ملاقات کے وقت موجود ہوں گے اور انہیں دیکھ سکھیں گے لیکن بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ساؤنڈ پروف شیشہ لگایا گیا ہے۔

محمد فیصل نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کے حوالے سے بھارت کو شواہد کے ساتھ دستاویزات پیش کردیئے اور پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں اس لیے بھارتی حکام اپنے سوالات کا جواب چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ آج (25 دسمبر کو) فوجی عدالت سے سزا یافتہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے جاسوس کلبھوشن یادیو نے دفتر خارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور دفترخارجہ کی ڈائریکٹر انڈین ڈیسک ڈاکٹر فریحہ بگٹی کی موجودگی میں اپنی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی تھی۔

کلبھوشن یادیو کی اہلیہ چتانکل یادیو اور والدہ اوانتی یادیو کے ہمراہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی براستہ دبئی نجی ایئر لائنز کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے بھارت سے اسلام آباد پہنچے تھے تاہم ملاقات کے بعد وہ براستہ مسقط بھارت روانہ ہوگئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری