یمن پر سعودی اتحادی افواج کی خوفناک بمباری؛ 84 مسلمان شہید


یمن پر سعودی اتحادی افواج کی خوفناک بمباری؛ 84 مسلمان شہید

سعودی عرب کی اتحادی افواج نے کل بروز پیر یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کرکے 84 نہتے یمنیوں کو خاک وخوں میں غلطاں کردیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے المیسرہ کے حوالےسے بتایاہے کہ سعودی عرب کی اتحادی افواج نے یمن کے مختلف علاقے خاص کر صنعا، ذمار اور الحدیدہ میں بمباری کرکے خواتین اور بچوں سمیت 84 افراد کو شہید کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی جنگی جہازوں نے گذشتہ روز پیر کو صنعا کے علاقے عصر میں بمباری کرکے 11 نہتے عام شہریوں کو شہید اور 4 کو شدید زخمی کردیا تھا۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کے جنگی جہازوں نے ذمار شہر کے کسٹم آفس کی عمارت پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں مزید 4 یمنی شہری شہید اور 55 زخمی ہوگئے ہیں۔

صوبہ الحدیدہ کے علاقے زبید سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وہاں پر کی جانے والی فضائی بمباری میں 2 خواتین سمیت 8 عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے المخدرہ کے علاقے صراوح پر بھی شدید بمباری کی ہے۔

دوسری طرف یمنی سرکاری فوج اور مفرور صدر کے مسلح دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں میں 38 سعودی اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

یمنی سرکاری فوج نے منصور ہادی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے متعدد سعودی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز سعودی اتحادی افواج کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں، یمنی فورسز کے میزائلوں نے اب تک سعودی عرب کے کئی فوجی مراکز کو تباہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کو یمن میں تاریخی شکست کا سامنا ہے اور وہ امریکہ سمیت متعدد ممالک کی حمایت کے باوجود بھی اس جنگ کو گذشتہ تین سال سے جیت نہیں سکا ہے۔ سعودی عرب کو یمنی فورسز اور قبائل کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ سعودی عرب نے یمنی مسلمانوں پر جنگ مسلط کرکے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے پیش کردیا ہے۔

یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ یمن پر سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں اس غریب ترین عرب ملک میں غذائی اشیاء، پینے کے لئے صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری