ماڈل ٹاؤن میں قتل عام نواز شریف کے حکم کے بغیر نہیں ہوا، طاہر القادری


ماڈل ٹاؤن میں قتل عام نواز شریف کے حکم کے بغیر نہیں ہوا، طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر کوئی شک نہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام نواز شریف کے حکم پر ہوا، جس پرعمل درآمد کرانے کا کردار شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے نبھایا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تحریک منہاج القرآن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرس کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق تحریک چلانے پر عمران خان نے ان کا ہمیشہ ساتھ دیا۔

طاہرالقادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ استعفیٰ دے کر خود کو قانون کے حوالے کریں، کیوں کہ جب تک وہ عہدوں پر برقرار رہیں گے، تب تک انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوسکیں گے۔

پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیشن نے ہی انہیں مجرم قرار دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 45 تھانوں کے اہلکاروں اور شوٹرز کو دھرنے کے لیے بلایا گیا۔

پریس کانفرنس سے قبل عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے طاہرالقادری سے تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔

عمران خان کے ساتھ پی ٹی آئی کے سینیئررہنما شاہ محمود قریشی، علیم خان اور شفقت محمود سمیت دیگر رہنما بھی ساتھ تھے۔

ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظرعام پرآںے کے بعد نئی حکمت عملی پرغور کیے جانے سمیت پنجاب اور وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے رواں ماہ 5 دسمبر کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو منظرعام پر لانے اور اسے 30 روز میں شائع کرنے کا حکم دیا تھا، جب کہ طاہر القادری نے پنجاب حکومت کو 31 دسمبر کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ مستعفی ہوجائیں، دوسری صورت میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

عمران خان نے پی اے ٹی نے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت ان کا ساتھ دے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری