پاکستانی قونصل خانہ اور خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز کا مشترکہ اجلاس/ دوطرفہ تعاون پر تاکید + تصاویر


پاکستانی قونصل خانہ اور خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز کا مشترکہ اجلاس/ دوطرفہ تعاون پر تاکید + تصاویر

صوبہ خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی قونصل خانہ اورثقافتی مرکزکے درمیان تعاون پر تاکید کی گئی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے مرکزی شہر مشہد مقدس میں پاکستانی قونصل خانے کے اعلیٰ حکام  اور اس صوبے کے ثقافتی مرکز کے اعلیٰ عہدیداران کے درمیان ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں دونوں ملکوں کے حکام نے سماجی اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز کے سربراہ میثم مرادی نے دونوں ملکوں کے تاریخی، سماجی اور ثقافتی مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی قونصل خانے کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "اہل بیت اطہار علیہم السلام کے ساتھ مودت و محبت، فارسی زبان اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال پاک ایران دوستی کے اہم ترین پہلو ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای پاکستان کے ساتھ ایک خاص عقیدت رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا تو رہبر معظم نے نماز جمعہ کے خطبوں میں ایرانی قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لئے پہنچیں، اسی طرح جب ایران میں زلزلہ آیا تو پاکستان دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے ایران کی مدد کی۔

انہوں نے پاکستانی قونصل جنرل سے کہا کہ خراسان رضوی میں مشترکہ ثقافتی اور سماجی پروگراموں کے اجرا کے لئے کوششیں تیز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز پاکستانی فلموں کی نمائش خاص کر بانی پاکستان محمد علی جناح کی زندگی کے بارے میں کسی بھی فلم کی نمائش کے لئے تعاون کرے گا۔

اجلاس کے شرکاء سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بین الاقوامی ثقافتی امور کے سربراہ سید جواد رفائی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاک ایران دوستی سیاسی امور تک محدود نہیں ہے بلکہ دونوں ممالک تاریخی، دینی، سماجی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریبا دس سال پہلے پاکستان جانے کا اتفاق ہوا تھا تو میں نے پاکستانی قوم کی انقلاب اسلامی کے لئے نیک خواہشات کو بہت ہی قریب سے محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عشرہ فجر کے ایام میں ایران اور پاکستان کے درمیان پائے جانے والے مشترکہ صلاحیتوں کے بارے میں ایک عظیم نمائش کا انعقاد کریں گے۔

پاکستان کے قونصل جنرل «عرفان محمود بخاری» نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک رہبر معظم کی حمایتوں کا شکرگزار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی گہرے اور عمیق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ خراسان رضوی کے ثقافتی مرکز کے تعاون سے ایرانی سینما میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں، خاص کر دہشت گردی کے موضوع پر بننے والی''وار اور یلغار'' نامی فلمیں کئی میلین ڈالر میں فروخت کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس قسم کے مزید اجلاس منعقد کئے جائیں گے جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر صوبہ خراسان رضوی کے مرکزی شہر مشہد مقدس کی کسی اہم شاہراہ پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کو نصب کیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری