مجلس عمل مکمل طور پر فعال، مختصر مدت میں حمکت عملی طے کی جائے گی، علامہ ساجد نقوی


مجلس عمل مکمل طور پر فعال، مختصر مدت میں حمکت عملی طے کی جائے گی، علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ مجلس عمل مکمل طور پر فعال ہوچکی ہے اور مختصر عرصے بعد حکمت عملی طے کی جائے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ مجلس عمل مکمل بحال و فعال ہوچکی ہے البتہ مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ مجلس عمل کے رہنماؤں کے فیصلوں کے مطابق آئندہ کی حکمت عملی متفقہ طور پر طے کی جائیگی، قبل از وقت متفرق بیانات سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا: متحدہ مجلس عمل انتخابی عمل میں حصہ لینے کیساتھ اسلامی نظریہ، تشخص اور تہذیب کے تحفظ کیساتھ ملک کو کرپشن سے پاک اور دشمن کے ناپاک عزائم کوناکام بنانے کے مقاصد پر عمل پیرا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ  پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ایک مرتبہ پھر فعال ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اس کے اعلیٰ و ارفعیٰ مقاصد میں انتخابی عمل میں حصہ لینا جہاں مقصود تھا وہیں اسلامی نظریہ اورسلامی تہذیب کا تحفظ، مساجد و مدارس، منبر و محراب کا وقار، معاشی استحکام، کرپشن کا خاتمہ اور داخلی و خارجی محاذ پرملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہی بڑے مقاصد ہیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ 2002ء میں بھرپور کامیابی کے بعد بدقسمتی سے یہ اتحاد 2008ء کے انتخابات میں کچھ وجوہات کی بناء پر فعال نہ رہ سکا اور تقریباً 9 سال مسلسل کاوشوں کے بعد اب دوبارہ پانچ بڑی مذہبی جماعتیں اس اتحاد کے قیام، بحالی اور فعالیت پر متحد ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اتحاد کے حوالے سے قبل از وقت متفرق بیانات سے گریز کیا جائے اور حتمی فیصلوں کا انتظار کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ سیاسی جماعتوں اور قوتوں کی مفاہمتی پالیسیاں بھی تبدیل ہورہی ہیں جو سیاسی صورتحال میں نئی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہیں، سیاستدانوں کو چاہیے کہ صرف وقتی سیاست اور بیان بازیوں کی کی بجائے ملکی وقار، بقاء اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دور اندیشی کا بھی مظاہرہ کریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری