ایران: صدر امریکہ کی طرف سے بلؤوں کی مسلسل حمایت ایران میں نئے فتنے کی عکاس/ جوابی کاروائی کریں گے


ایران: صدر امریکہ کی طرف سے بلؤوں کی مسلسل حمایت ایران میں نئے فتنے کی عکاس/ جوابی کاروائی کریں گے

مسلح افواج کے ترجمان نے کہا: "امریکی انتظامیہ کے عالی ترین عہدیدار اور بی بی سی سمیت بعض استکباری ذرائع ابلاغ کی طرف سے تخریب کاروں اور بلوائیوں کی مسلسل حمایت سے معلوم ہوا کہ وہ ایران میں نیا فتنہ کھڑا کرنا چاہتے تھے جس پر ہم ضرور جوابی کاروائی کریں گے۔"

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، مسلح افواج کے اعلی ترجمان بریگیڈیئر جنرل سید مسعود جزائری نے عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے بلوائیوں کے حالیہ بلؤوں اور تخریب کاریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: امریکہ کا عالی ترین عہدیدار (ٹرمپ) میدان میں آیا اور املاک عامہ کو نقصان پہنچانے والے گنے چنے بلوائیوں کی مسلسل حمایت کی اور بعض استکباری اور استعماری قوتوں اور بی بی سی سمیت کچھ استکباری ذرا‏ئع ابلاغ نے بھی حمایت کی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ ایران میں فتنہ کھڑا کرنا چاہتا تھا لیکن یہ اقدامات انقلاب اسلامی کے دشمنوں کے لئے خفت اور شکست کے سوا انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکے۔  

انھوں نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف نئے امریکی فتنے میں بدنام زمانہ پہلوی خاندان کے باقیات، منافقین کے سرغنے، مجرم داعشیوں وغیرہ نے اپنا اپنا کردار ادا کیا اور یوں خدا کے فضل و کرم سے اسلامی جمہوریہ ایران کے الہی اور عوامی نظام کے دشمنوں کی سطح اور قیمت کا بخوبی اندازہ ہؤا اور عوام نے انہیں بخوبی دیکھا اور پہچانا۔

انھوں نے کہا: امریکہ اور بین الاقوامی صہیونیت کے جرائم پیشہ اور شرپسند حکام نے اسلامی انقلاب کے خلاف نئی سازش کا آغاز ایسے وقت میں کیا تھا کہ ریاست ہای متحدہ امریکہ کو 2017 کے دوران مختلف قسم کی عوامی مخالفتوں اور احتجاجات کا سامنا تھا اور امریکی حکمرانوں کی پالیسیوں کو شدید ترین مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

بریگیڈیئر جنرل جزائری نے عندیہ دیا کہ نئے عیسوی سال کے دوران امریکی حکومت کو شدید ترین اور وسیع ترین عوامی تحریکوں اور آشوب اور بلؤوں کا سامنا کرنا پڑے گا جن کی شدت بےمثل ہوگی۔

بریگیڈیئر جنرل سید مسعود جزائری ـ جو کہ مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ بھی ہیں ـ نے کہا: وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ امریکی ریاستوں کی مرکزی حکومت سے علیحدگی کی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتدر اور طاقتور اسلامی جمہوریہ ایران اور پورے خطے میں نشوونما یافتہ اسلامی مزاحمت کے خلاف امریکہ، بین الاقوامی صہیونیت اور ان کی ناپاک آلائشوں کی طرف سے ہونے والی شرانگیزی کا نتیجہ بڑے شیطان کی ناکامیوں کی صدا پوری دنیا تک پہنچنے کی صورت میں ہی برآمد ہوگا۔

انھوں نے کہا: دشمن شرانگیزی کرچکے اور ظاہر ہے کہ انہیں قیمت بھی چکانا پڑے گی اور اسلامی جمہوریہ ایران مناسب موقع پر جوابی کاروائی کے حق کو بروئے کار لائے گا اور ہماری جوابی کاروائی امریکہ اور اس کے کٹھ پتلیوں کو نادم و پشیمان کرے گی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری