بھارت نواز سیاستدان پوری طرح سے ایکسپوز ہوگئے ہیں، سید علی گیلانی


بھارت نواز سیاستدان پوری طرح سے ایکسپوز ہوگئے ہیں، سید علی گیلانی

مقبوضہ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے چاڈورہ اور کولگام میں الگ الگ جھڑپوں میں شہید ہونے والے دو مجاہدین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے چاڈورہ اور کولگام میں الگ الگ جھڑپوں میں شہید ہونے والے دو مجاہدین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہادر لوگ اس وقت دنیا کی بڑی فوجی طاقت کے غرور کو چلینج کرکے اپنی قوم کو جبری قبضہ سے آزاد کرنے کے لئے اپنی زندگیاں قربان کر رہے ہیں اور ہم پر یہ ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم من حیث القوم ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔ انہوں نے رڈونی کولگام میں مظاہرین پر فوج کی طرف سے راست فائرنگ کے نتیجے میں عام شہری کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو درندگی اور حیوانیت سے تعبیر کیا ہے اور کہا کہ بھارتی فورسز نے عام شہریوں کو نشانہ بنا کر کھلے عام قتل و غارتگری کا بازار گرم رکھا ہے، جبکہ انہوں نے پولیس کے اس بیان جس میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین فورسز کیمپ پر پتھراؤ کر رہے تھے اور ان میں بندوق بردار بھی شامل تھے جنہوں نے کیمپ کی طرف گولیاں چلائیں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بھارتی فورسز کے گناہوں کی ہمیشہ پردہ پوشی کرتی آئی ہے اور وہ بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا اور اپنی ہی قوم کے ساتھ بے وفائی کا کھل کر مظاہرہ کر رہی ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے لوگوں سے آنے والے پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ووٹ بھارت اپنے حق میں استعمال کرتا ہے اوراس کے ذریعے سے ہماری تحریکِ آزادی کی منزل کو ہم سے دور کرنا چاہتا ہے۔ جنہیں ہم ووٹ ڈالتے ہیں وہ سب کے سب بھارت کے ظلم کے کلہاڑی کے دستے ہیں اور ہم اس کلہاڑے کے دستے کو کیسے طاقت فراہم کرسکتے ہیں جو ہمارے کاٹنے کے لیے استعمال میں لائی جاتی ہو۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نواز سیاستدان چونکہ پوری طرح سے ایکسپوز ہوگئے ہیں اور ان کے لیڈروں کے چہرے سے پوری طرح سے نقاب اُلٹ گیا ہے۔ لوگ جان گئے ہیں کہ یہ پچھلے ستر سال سے صرف دھوکہ دیتے رہے ہیں اور ان کا پہلا اور آخری ہدف صرف کُرسی کا حصول ہوتا ہے، لہٰذا اب کی بار انہوں نے وہی پُرانا کارڈ کھیلنا شروع کیا اور وہ لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لئے کبھی مسئلہ کشمیر حل کرنے اور کبھی کشمیر کی آزادی کے لئے سرگرم مجاہدین کو برحق قرار دیتے ہیں اور ان کی تعریفیں بھی کرتے ہیں۔

آزادی پسند راہنما سید علی گیلانی نے پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز پارٹیاں مراعات کے نام پر ووٹ مانگتی ہیں، البتہ بھارت اس کو بین الاقوامی فورموں پر اپنے فوجی قبضے کے لئے ایک دلیل کے طور پر استعمال کرتا ہے اور وہ اس کے ذریعے سے عالمی برادری کو دھوکہ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم مراعات کے لیے نہیں بلکہ اپنے حق حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت کی غلامی میں نہ ہمارا دین، ایمان، کلچر، تمدن، معاشرت، مسجدیں، عصمت، مستقبل، گھر اور نہ زندگیاں محفوظ ہیں، بلکہ ہمارا سب کچھ داؤ پر لگ چُکا ہے اس لیے ہمیں پہلے ان چیزوں کے حصول کو ترجیح دے کر اپنی جدوجہد کو یکسوئی اور یک رُخی کے ساتھ جاری و ساری رکھنا چاہیے۔ سید علی شاہ گیلانی نے پولیس کی جانب سے سوپور میں عام شہریوں کی گرفتاری اور بعد میں انہیں اذیتیں دے کر میڈیا کے سامنے پیش کرکے مجاہدین جتلانے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات فرضی ہیں اور یہ سراسر ریاستی دہشتگردی کی بدترین کارروائی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری