امریکا سے امداد کی بحالی کی درخواست نہیں کریں گے، آرمی چیف


امریکا سے امداد کی بحالی کی درخواست نہیں کریں گے، آرمی چیف

پاکستان فوج کے سربراہ نے امریکی عسکری حکام پر واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا کو کبھی بھی امداد کی بحالی کے لیے درخواست نہیں کرے گا، پاکستان چاہتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں کی قربانیوں کو سراہا جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل اور ایک امریکی سینیٹر نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور امریکی صدر کے بیان سے قبل اور بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتا ہے اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کو جلد ختم کر لیا جائے گا۔

امریکی جنرل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی امداد اور کولیشن سپورٹ فنڈ سے آگاہ کیا، اور مزید کہا کہ امریکا، پاکستان میں موجود شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی چاہتا ہے جو پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں امریکی اور افغان افواج کے خلاف منظم کارروائی کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی حکام کو واضح کیا کہ پاکستان نے آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق امریکی سینیٹر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

امریکی جنرل نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی محض عارضی ہو۔

انہوں نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ امریکا، پاکستان کی حدود میں کسی بھی طرح کی یک طرفہ کارروائی نہیں کر رہا بلکہ وہ پاکستان سے اس کی سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی چاہتا ہے۔

آرمی چیف نے جنرل جوزف ووٹل پر واضح کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دہائیوں پرانے دوستانہ روابط کےباوجود امریکی صدر کی جانب سے ایسے بیان کی وجہ سے پاکستانی قوم اپنے ساتھ دھوکے کو محسوس کیا جس کے بعد قوم کی جانب سے متفقہ ردِ عمل سامنے آیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے باور کرایا کہ پاکستان امریکا کی مالی امداد کے بغیر بھی اپنے قومی مفاد میں جان فشانی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے کے لیے پُر عزم ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری