پاک ایران کا دفاعی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


پاک ایران کا دفاعی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ملکوں کے دفاعی حکام کے درمیان علاقائی مسائل، انسداد دہشتگردی، خطے میں بیرونی مداخلت کی روک تھام، مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر زور دیا.

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے دفاعی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا.

یہ بات بریگیڈیر جنرل 'امیر حاتمی' نے ایران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاعی پیداوار 'رانا تنویر حسین' کے ساتھ مذاکرات کے اختتام اور مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے کے موقع پر کہی.

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس دفاعی، ٹیکنالوجی اور دفاعی مصنوعات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان عالم اسلام اور خطے کے دو اہم ممالک ہیں جن کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مشترکات قائم ہیں.

بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص برادر ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی سطح پر تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے۔

پاک ایران عسکری قیادت اور دفاعی حکام کے درمیان حالیہ مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وزیر دفاعی پیداوار کے ساتھ اچھے اور تعمیری مذاکرات ہوئے، علاقائی مسائل، انسداد دہشتگردی، خطے میں بیرونی مداخلت کی روک تھام، مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

امیر حاتمی نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بیرونی مداخلت کو روکنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی احترام پر مبنی تعاون کی توسیع ناگزیر ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے اختتام پر دستخط ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کمیشن کو مزید فعال بنایا جائے گا.

پاکستانی وزیر دفاعی پیداوار نے کہا کہ اس دورے کے موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، عسکری اور تکنیکی تعاون کو بڑھانے کے لئے اہم معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے.

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاعی پیداوار نے ایک ایسے موقع پر تہران کا دورہ کیا ہے کہ اس ملک کے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی تہران میں موجود ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری