گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ بجٹ کا 70فیصد حصہ رشتہ داروں میں تقسیم کررہے ہیں، اپوزیشن لیڈر


گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ بجٹ کا 70فیصد حصہ رشتہ داروں میں تقسیم کررہے ہیں، اپوزیشن لیڈر

اپوزیشن لیڈر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کیپٹن(ر) محمدشفیع خان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں نیب اور ایف آئی اے کے ادارے وزیراعلیٰ کے فرما نبرداربن چکے ہیں ترقیاتی بجٹ کا 70فیصد حصہ وزیراعلیٰ کے رشتہ داروں میں تقسیم ہورہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیپٹن(ر) محمدشفیع خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں نیب اور ایف آئی اے کے ادارے وزیراعلیٰ کے فرما نبرداربن چکےہیں ترقیاتی بجٹ کا 70فیصد حصہ وزیراعلیٰ کے رشتہ داروں میں تقسیم ہورہا ہے۔

 انہوں نے کہا وزیراعلیٰ خاص علاقے اور خاص افراد کی طرف توجہ دے رہے ہیں، ٹیسٹ انٹرویو کے نام پر میرٹ کاکھلواڑ کیا جارہاہے ٹھیکوں کی بندربانٹ عروج پر ہے تمام ثبوت اسمبلی میں جمع کراچکا ہوں لیکن کسی کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی ہے۔

اپوزیشن لیڈرکا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلوانے میں نہ صرف غیر سنجیدہ ہیں بلکہ بد نیتی کا بھی مظاہرہ کررہے ہیں گزشتہ اڑھائی سالوں میں اپنے حلقے کی سیاست چمکانے کیلئے علاقے کے مفاد کا سودا کیا ہے۔

 کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کیپٹن(ر)محمدشفیع نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے آقائوں کو خوش کرانے کیلئے آئینی حقوق کے ساتھ سودا کیا ہے۔

انہوں نے کہاگلگت بلتستان میں منظم ترین کرپشن ہورہی ہے وزیراعلیٰ کے رشتہ داروں کے پاس سرکاری گاڑیاں کفایت شعاری کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ  ٹیکسز کے معاملے میں قوم سے جھوٹ بولا گیا ہے ہمارا مطالبہ ٹیکس ایکٹ کاخاتمہ تھا نہ کہ اس میں ترمیم، اب ترمیم کے ذریعے مزید ٹیکسز لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ہمارافرض ہے اور ہم حقائق سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

محمدشفیع خان  نےمزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے پاس پہلے دو کیمپ آفس تھے اب تیسرا کیمپ آفس بھی اپنے ہی حلقے میں قائم کردیا ہے دونوں کیمپ آفسز کو اپنے ووٹ بینک کیلئے استعمال کررہاہے جبکہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہورہاہے جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہاہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری