اسلام آباد؛ "عمر" ریڈیو کے بعد سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے ریڈیو "مشعال" کو بھی بند کرنے کا حکم


اسلام آباد؛ "عمر" ریڈیو کے بعد سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے ریڈیو "مشعال" کو بھی بند کرنے کا حکم

یاد رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ روز پاک افغان سرحدی علاقے میں فعال پاکستان مخالف "عمر" نامی ریڈیو کو سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں تباہ کرنے کی خبر دی تھی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزارت داخلہ نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے پر اسلام آباد میں قائم ’مشعال ریڈیو‘ کی نشریات بند کرکے آفس سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حساس ادارے کی رپورٹ پر وزارت داخلہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریڈیو اسٹیشن کے دفتر کو سیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے ساتھ ہی ریڈیو کی نشریات بند کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشعال ریڈیو امریکی ایجنسی سی آئی اے کے لیے کام کررہا تھا اور اس نے وائس آف امریکا کی فریکوئنسی چوری کررکھی تھی جب کہ ریڈیو کی نشریات پاک افغان بارڈر، بلوچستان، فاٹا اور بیرون ملک میں بھی جاری تھیں۔ نشریات میں پاکستان کو دہشت گردوں کی جنت قرار دینے کا پروپیگنڈا کیا  جارہا تھا۔

یاد رہے کہ ایکسپریس نیوز گزشتہ روز رپورٹ دی تھی کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحد کے قریب نصب عمر ایف ایم ریڈیوٹاور تباہ کردیا ہے، دعوہ توئی کے قریب نصب ٹاور کے ذریعے ملک دشمن پروپیگنڈا کیا جارہا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے ٹاور تباہ کرکے ملک دشمن عناصر کی نشریات بند کردی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بالعموم اور خیبرایجنسی بشمول شمالی وزیرستان میں بالخصوص دہشتگردوں کے خلاف آپریشن رد الفساد جاری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری