آرمی چیف کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر جلد از جلد  عملدرآمد کیا جائے، قبائلی عمائدین


آرمی چیف کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر جلد از جلد  عملدرآمد کیا جائے، قبائلی عمائدین

پاراچنار میں قبائلی عمائدین اور صدائے مظلومین کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے آرمی چیف کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر جلد از جلد  عملدرآمد کیا جائے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاراچنار میں قبائلی عمائدین اور صدائے مظلومین کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر جلد از جلد  عملدرآمد کیا جائے۔

قبائلی عمائدین اور صدائے مظلومین کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو بی گریڈ کا درجہ دیا جائے، آرمی چیف کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے اور پاراچنار دھماکوں کے متاثرین کو وعدوں کے مطابق امداد دی جائے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عمائدین اور صدائے مظلومین کمیٹی کے اراکین مزمل حسین، محمد اسماعیل، سید شہادت حسین، سید احمد علی شاہ اور دیگر نے کہا کہ پاراچنار دھماکوں کے بعد آرمی چیف نے شہداء کے ورثا کیلئے امداد تین لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کردی اور زخمیوں کی امداد ایک سے بڑھا کر پانچ لاکھ کردی جبکہ آرمی پبلک سکول پر کام شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی 2017میں ہونے والے دھماکوں کے 17سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کا کہنا تھاکہ پاراچنار کو ریڈ زون قرار دینے کے بعد اسے ختم کرنے کیلئے پانچ ماہ کا وقت دیا گیا تھا لیکن معاملہ جوں کا توں ہے، ریڈ زون کو ختم کرکے معاشی استحصال کا خاتمہ کیا جائے۔

دھماکوں کے 16 مجروحین کو اب تک معاوضہ نہیں ملا ہے، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو بھی دوسرے مجروحین کی طرح معاوضہ دیا جائے۔

سابق ایف سی کرنل عمر ملک کے خلاف ہونے والی قانونی کاروائی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور 70 رضاکاروں اور شہداء کے ورثا کو آرمی چیف کے وعدے کے مطابق سرکاری نوکری دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی اقبال ظفر جھگڑا کی ہدایات کی روشنی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیلئے کرم ایجنسی کے لیول پر کاغذات بنائے جائیں اور ایف سی آر جیسے کالے قانون کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2009سے اب تک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں تقرریاں نہیں کی گئیں ہیں، تقرریاں کراکے محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ قبائلی عمائدین اور صدائے مظلومین کمیٹی کے اراکین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات کی شنوائی نہیں ہوئی تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری