ایم ایم اے کی بحالی سے فرقہ واریت اور تکفیریت کا خاتمہ ممکن ہوگا، رہنما اسلامی تحریک پاکستان


ایم ایم اے کی بحالی سے فرقہ واریت اور تکفیریت کا خاتمہ ممکن ہوگا، رہنما اسلامی تحریک پاکستان

اسلامی تحریک پنجاب کے صدر کا کہنا ہے کہ جمہوریت پر مسلط موروثی اور وڈیرہ شاہی کی سیاست کے خاتمے کیلئے متحدہ مجلس عمل بہترین پلیٹ فارم ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلامی تحریک پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ صالح قیادت کو ہی سیاست میں آنا چاہئے، متحدہ مجلس عمل کی تشکیل سے مختلف مکاتب فکر کی نمائندہ موثر دینی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو گئی ہیں، جس سے فرقہ واریت اور تکفیریت کا خاتمہ ہوگا، ملکی خزانے کو لوٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، جمہوریت پر مسلط موروثی اور وڈیرہ شاہی کی سیاست کے خاتمے کیلئے متحدہ مجلس عمل بہترین پلیٹ فارم ہے، جس نے ماضی میں خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں حکومت تشکیل دے کر مثالی امن قائم اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، اس لئے ماضی میں ایم ایم اے کا سیاسی تجربہ اچھا رہا، آئندہ بھی مضبوط بنائیں گے۔

منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم اور راولپنڈی کے دورہ جات کے بعد صوبائی دفتر لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک نے پہلے بھی متحرک کردار اد ا کیا تھا، اب بھی کرے گی، کارکن تیار ی کریں آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم کے مطابق سیاسی پالیسی تشکیل دی جا چکی ہے، ایم ایم اے کی قیادت عوام کو مسائل سے نکالنے کا حل دے گی، سرمایہ دارانہ اور جاگیر دارانہ نظام ناکام ہو چکے ہیں، اسلامی نظام اور قرآنی تعلیمات کا نفاذ ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے، اس لئے متحدہ مجلس عمل اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جمہوری جدوجہد کرے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری