شمالی حلب کے رہائشی علاقوں پر ترک فوج کی گولہ باری

بشار اسد کا کہنا ہے کہ شام کے شہر عفرین پر ترکی کا حملہ انقرہ کی اسی پالیسی کی طرح ہے جو اس نے بحران شام کے آغاز میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے لئے اپنائی تھی۔

شمالی حلب کے رہائشی علاقوں پر ترک فوج کی گولہ باری

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ترک فوج نے شام کے شہر شمالی حلب کے مضافاتی علاقوں میں رہائشی مکانات پر گولہ باری کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی حلب کے عفرین، قسطل جندو اور مضافاتی علاقوں میں ترک فوج نے رہائشی مکانات پر شدید گولہ باری کی ہے-

واضح رہے کہ ترک فوج نے گذشتہ جمعے سے شام کے علاقے عفرین میں کرد ملیشیا وائی پی جی کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

ترک فوج کی زمینی کارروائی بھی سنیچر سے شروع ہوئی ہے جس میں اب تک دسیوں عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں-

شام کے صدر بشار اسد نے ترک فوج کی جانب سے جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بشار اسد کا کہنا ہے کہ شام کے شہر عفرین پر ترکی کا حملہ انقرہ کی اسی پالیسی کی طرح ہے جو اس نے بحران شام کے آغاز میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے لئے اپنائی تھی-

دوسری طرف شام میں حکومت مخالف ملسح گروہوں کے اتحاد نے ایک بیان جاری کر کے عفرین شہر پر ترکی کی فوجی جارحیت کی حمایت کی ہے-

ادھر روس کی وزارت دفاع کا کہناہے کہ شامی فوج نے مشرقی صوبے ادلب کو دہشت گرد گروہ جبہہ النصرہ کے عناصر سے پاک کرنے اور علاقے میں محصور دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے اپنی کارروائیاں شروع کر دی ہیں-

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت جو دہشت گرد ترک فوج کے محاصرے میں ہیں، ان کی تعداد تقریبا پندرہ سو ہے۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے اسی طرح ادلب کے ابوالظہور ہوائی اڈے کے شمال میں چھے کلومیٹر اندر تک پیشقدمی کرتے ہوئے چوبیس دیہی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے جبکہ فوج نے ہوائی اڈے پر اپنا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے جبہہ النصرہ کے عناصر کو وہاں سے راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی دنیا خبریں
اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری