جنوبی افغانستان میں سیکورٹی فورسز پر طالبان کا حملہ، 7 اہلکار ہلاک


جنوبی افغانستان میں سیکورٹی فورسز پر طالبان کا حملہ، 7 اہلکار ہلاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں سیکورٹی فورسز پر طالبان کے حملے میں 7 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی افغانستان میں مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے حملے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

ایک افغان اہلکار نے پژواک خبررساں ادارے کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ  ہلمند میں طالبان کے حملے میں سات پولیس اہلکار ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوئے۔

ہلمند صوبے میں سیکورٹی اہلکار نے نام فاش نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان نے ''چغکی'' اور ''گرمسیر'' نامی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

دوسری طرف صوبہ ہلمند میں گورنر کے ترجمان «عمر زواک» نے افغان سیکورٹی فورسز پر حملے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے نقصانات اور ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔

طالبان کے ترجمان «قاری یوسف احمدی» نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے حملے میں افغان سیکورٹی فورسز کے 10 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے افغان فورسز کو سخت جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ 

واضح رہے کہ چند روز قبل صوبہ ہلمند میں گورنر کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی خبر دی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری