بھارت کا یوم جمہوریہ منانا خود جمہوریت کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے، سید صلاح الدین


متحدہ جہادِ کونسل کے چیئرمین نے کشمیری قوم سے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری اور عالمی اداروں کو اس گھمبیر صورتحال کی طرف متوجہ کرنے کے لئے 26 جنوری ’’یوم جمہوریہ بھارت‘‘ کو ’’یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منائیں گے اور جگہ جگہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرکے بھارت کے جمہوری چہرے کو بے نقاب کریں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق متحدہ جہادِ کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے بھارتی یومِ جمہوریہ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت 1947ء سے لے کر آج تک مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے اور اس ناجائز تسلط کے خلاف خالص آزادی کی عوامی تحریک کو اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر ختم کرنے کے لئے وحشیانہ اور دہشتگردانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

سید صلاح الدین نے کہا کہ کشمیر میں اس فقیدالمثال جد و جہد کو مٹانے کے لئے ستر دہائیوں کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں سوا پانچ لاکھ لوگوں کو شہید کیا گیا، دسیوں ہزار عفت مآب ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں تار تار کی گئیں، کھربوں مالیت کی املاک آگ اور بارود لگا کر تباہ کیا گیا، ہزاروں کی تعداد میں جوانوں کو لاپتہ کر کے گمنام قبروں میں دفنایا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو عقوبت خانوں کی زینت بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان سنگین حالات میں جہاں بھارت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، بھارت کا یوم جمہوریہ منانا خود جمہوریت اور انسانیت کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ہے۔

انہوں نے کشمیری قوم سے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری اور عالمی اداروں کو اس گھمبیر صورتحال کی طرف متوجہ کرنے کے لئے 26 جنوری ’’یوم جمہوریہ بھارت‘‘ کو ’’یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منائیں گے اور جگہ جگہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرکے بھارت کے جمہوری چہرے کو بے نقاب کریں۔