سعودی عرب | پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان سخت پریشان


سعودی عرب | پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان سخت پریشان

ریاض میں افغان سفارت خانے کے مطابق 70 ہزار افغان شہری پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب میں مزدوری کررہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ریاض میں افغان سفارت خانے کے مطابق 70 ہزار افغان شہری پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب میں مزدوری کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں قومی شناختی کارڈ کے ادارے کی جانب سے سختی اور نئے پاسپورٹ کے عدم اجرا کی وجہ سے بیرون ملک ہزاروں افغان باشندے شدید مشکلات سے دو چار ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ہزاروں افغان باشندے تقریبا 10 سال سے کام کررہے ہیں اور وہ اپنا قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے اپنے ملک بھی واپس نہیں جاسکتے ہیں۔

سنیکڑوں افغان شہریوں کی جانب سے ریاض میں افغانستان کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں پاسپورٹ دیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب وہ سعودی عرب آئے تھے تو وہ پاکستانی پاسپورٹ پر آئے تھے اب انہیں پاکستانی حکام نیا پاسپورٹ نہیں دے رہے ہیں لہذا انہیں افغانی پاسپورٹ دیا جائے۔

مظاہرین نے افغان صدر سے بھی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان کی مدد کرے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ کسی قسم کے سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے سعودی سیکیورٹی اہلکار انہیں پریشان کرتے ہیں۔ دسیوں بے گناہ مزدور جیل بھیج دیے گئے ہیں اور افغان سفارت خانہ کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کررہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں افغان باشندوں کے پاس پاکستانی پاسپورٹ پایا جاتا ہے جن کی کرتوتوں کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری