مشہد سے اسلام آباد کے لئے ایک اور ایرانی ایئرلائن نے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کردیا


مشہد سے اسلام آباد کے لئے ایک اور ایرانی ایئرلائن نے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کردیا

اسلامی جمہوریہ ایران کی نجی کمپنی اتا ایئرلائن (ATA Airlines) نے پاکستانی زائرین اور تاجر برادری کی سہولت کیلئے مشہد مقدس اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لئے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی نجی کمپنی اتا ایئرلائن (ATA Airlines) نے ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس اور پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے لئے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اتا ایئرلائن کی پہلی پرواز 10 فروری کو ایران کے مذہبی اور دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس  سے 'اسلام آباد' پہنچے گی۔

ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پرواز ہفتے میں ایک دن (بروزہفتہ) مشہد سے اسلام آباد کیلئے چلے گی اور اسی دن شام کو اسلام آباد سے مشہد واپس جائے گی۔

واضح رہے کہ مشہد اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے زائرین کی مشکلات میں آسانی ہوگی۔

خیال رہے کہ اتا ایئر لائن کی پرواز کے آغاز سے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ پروازوں کی تعداد 7 ہوجائے گی۔

ایران کی نجی کمپنی کیش ایئرلاین کی جانب سے تہران اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں ایک پرواز چلائی جاتی ہے۔

ایران ایئر کی جانب سے تہران اور کراچی کے درمیان ہر جمعرات کے روز پرواز چلائی جاتی ہے جبکہ ایران کی نجی کمپنی تابان کی مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ایران کی مشہور کمپنی ماہان ایئر نے بھی تہران، مشہد اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری