بیجنگ کا اسلام آباد سے چینی باشندے کے قاتلوں کو فوری کٹہرے میں لانے کا مطالبہ


بیجنگ کا اسلام آباد سے چینی باشندے کے قاتلوں کو فوری کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

واضح رہے کہ تسنیم نیوز ایجنسی اس سے قبل بھی بیان کرچکی ہے کہ چینی باشندوں کو تحفظ فراہم نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد کے بیجنگ کیساتھ تعلقات بالکل اسی سطح پر خراب ہوجائیں گے جس طرح کہ پاکستان میں ایرانی سفارتکاروں، انجنیئروں اور فوجی افسروں کی شہادت کے بعد پاک ایران تعلقات میں سردمہری آئی تھی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چین نے کراچی میں اپنے شہری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لانے کامطالبہ کیا ہے۔

بیجنگ میں چینی وزارت خا رجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ ہم چینی شہریوں کیخلاف انتہا پسندانہ اورپرتشددکارروائی کی سخت مذمت کرتے ہیں، قونصل خانے کی طرف سے حکام کو اسپتال بھیجاگیا تھا اور پولیس پرزوردیا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو معاملے کو حل اور ملزموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ کیس پرپیشرفت پرنظررکھیں گے اور ہلاک شہری کے لواحقین کے لیے موثر مددکی جائے گی۔

ایک سوال پرترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اورفوج نے انسداد دہشتگردی اور سوشل سیکیورٹی کے کئی اقدامات کیے ہیں،ہم قومی سلامتی کے تحفظ سے متعلق پاکستان کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں اور امیدکرتے ہیں وہ ملک میں چینی اداروں اور عملے کے تحفظ کے لیے انتظامات جاری رکھے گا۔

دوسری جانب سول لائنز تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں قتل،اقدام قتل اور انسداددہشت گری کی دفعات شامل ہیں، دریں اثنا محکمہ داخلہ سندھ میں اہم اجلاس ہوا جس میں چینی قونصل جنرل، سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی ودیگرنے شرکت کی۔ اجلاس میں چینی قونصل جنرل کو تفتیش میں اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ چینی حکام نے متعدد بار پاکستان کو اپنے شہریوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ملک دشمن عناصر نے عرصہ قبل پاک ایران کی دیرینہ دوستی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے ایرانی سفارتکاروں کو ملتان، انجنیئروں کو کراچی اور فوجی افسروں کو راولپنڈی میں اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث دونوں ملکوں کے روابط مشکلات کا دچار ہوگئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری