عبداللہ - عباسی ملاقات | پاکستان کا فلسطینیوں کے نصب العین کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اظہار


عبداللہ - عباسی ملاقات | پاکستان کا فلسطینیوں کے نصب العین کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اظہار

پاکستان اور اردن نے امت مسلمہ کے اہم ترین مسئلہ فلسطین پر بات چیت کے علاوہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بھی اتفاق کیاہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور اردن کے بادشاہ عبداللہ ثانی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں مجموعی دوطرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں موجودہ تعلقات کے مزید فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

فریقین نے علاقائی صورتحال خصوصاً امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کابھی جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے فلسطینیوں کے نصب العین کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا اور امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرنے سے متعلق پاکستان کے موقف کااعادہ کیا۔

شاہدخاقان عباسی نے مہمان شخصیت کو کنٹرول لائن کی موجودہ صورتحال اور انسداددہشتگردی کے بارے میں پاکستان کی کوششوں اور علاقائی امن واستحکام سے متعلق اس کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔

خیال رہے پاکستان اور اردن کے درمیان حالیہ تجارتی حجم 75 ملین ڈالر ہے۔

ملاقات کے حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شاہ عبداللہ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا، خصوصا ملک میں تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات بھی متوقع ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری