مقبوضہ کشمیر | یوسف ندیم کی شہادت اور اسیروں کی جموں منتقلی کیخلاف کل ہڑتال ہوگی


مقبوضہ کشمیر | یوسف ندیم کی شہادت اور اسیروں کی جموں منتقلی کیخلاف کل ہڑتال ہوگی

مقبوضہ کشمیر میں مزاحمتی قائدین نے بھارتی ظلم و جبر کی سخت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم جبر کی نئی داستانیں رقم کی جارہی ہیں جو ہر لحاظ سے مذموم ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قائدین سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور الحاج محمد یاسین ملک نے بھارتی ظلم و جبر کی سخت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم جبر کی نئی داستانیں رقم کی جارہی ہیں جو ہر لحاظ سے مذموم ہیں۔

حریت قائد اور تحریک وحدت کے ترجمان محمد یوسف ندیم کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں بہیمانہ شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ شہید محمد یوسف ندیم ایک مخلص تحریک پسند تھے اور مشکوک حالات میں ان کے بہیمانہ قتل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے کئی ایسے واقعات گواہ ہیں کہ ایجنسیوں نے کشمیری مزاحمت کاروں کو ڈرانے اور خوف زدہ کرنے کیلئے اس قسم کے قتل عام کو نامعلوم بندوق برداروں کے نام پر شہہ دی ہے اور متحدہ جہاد کونسل پر لازم ہے کہ وہ اس قتل کی اپنی سطح پر تحقیقات کرکے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کا بیڑا اٹھالیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ندیم جیسے حریت پسندوں کا قتل ناحق آزادی پسندوں کو اپنی راہ سے سرمو ہٹانے میں بھی کامیاب نہیں ہوگا اور مقدس مشن کی تکمیل تک اس جدوجہد کو بہرصورت جاری رکھا جائے گا۔

مشترکہ قیادت نے شہید محمد یوسف ندیم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور تنظیم کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ عمر قید کی سزا کاٹ رہے طارق احمد اور عبدالحمید تیلی کے علاوہ تحریک حریت سے وابستہ تین قیدیوں کو جرم بے گناہی کی پاداش میں جموں منتقل کیا جاتا ہے۔

مشترکہ قیادت نے کہا کہ یہ عمل انتقام گیری اور اپنی خفت مٹانے نیز خانہ پری کرکے اپنی بوکھلاہٹ پر پردہ ڈالنے کا عمل ہے جو نام نہاد حکمرانوں اور انکی انتظامیہ کا پرانا وطیرہ ہے اور اس وطیرے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود اس روز جب ایک قیدی کے فرار ہوجانے کا واقعہ پیش آیا کئی دوسرے کشمیری قیدی بھی ہسپتال لائے گئے تھے لیکن یہ لوگ فرار ہونے کے بجائے خود واپس آگئے اور آج بھی اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں اور بھارتی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں۔

17 فروری 8102ءسنیچر وار کو مکمل احتجاجی ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ محمد یوسف ندیم کی بہیمانہ ہلاکت، کشمیری اسیروں کو سرینگر جیل سے جموں منتقل کردینے اور بھارتی عدلیہ کی جانب سے کشمیریوں کے تئیں مخاصمانہ رویے کے خلاف سنیچروار17/ فروری کو کشمیری مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کریں گے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری