میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 13 افراد ہلاک، 15زخمی


میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 13 افراد ہلاک، 15زخمی

میکسیکو میں آنے والے زلزلے سے نقصانات کا فضائی جائزہ لینے والا فوجی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور15زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق گزشتہ شب میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقے ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے تھے جس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اس کا مرکز ریاست اوحاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور 24 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

اسی دوران زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

ہیلی کاپٹر میں میکسیکو کے وزیرداخلہ الفونسو ناوریٹ پریڈا اور اوحاکا کے گورنر الہانڈرو مرٹ بھی سوار تھے تاہم وہ اس حادثے میں محفوظ رہے۔حکام کے مطابق لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر بے قابو ہوگیا اور نیچے موجود دو گاڑیوں پر جاگرا، ہلاک ہونے والے ممکنہ طور پر گاڑی کے اندر ہی موجود تھے۔

خیال رہے کہ میکسیکو شہر اور جنوبی علاقے گزشتہ برس ستمبر میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور اس میں 360 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری