اس مرتبہ عدلیہ کو بچانے کے لیے سڑکوں پر آئیں گے، عمران خان


اس مرتبہ عدلیہ کو بچانے کے لیے سڑکوں پر آئیں گے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بہت مواقع دیئے لیکن پھر بھی ان کی جانب سے توہین عدالت کی جارہی ہے اور اب وہ پارلیمان کو عدلیہ کے خلاف استعمال کررہے ہیں لیکن اگر پارلیمان کو عدلیہ کے خلاف استعمال کیا گیا تو عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔

 

 

پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ میں اپنی صفائی پیش کرنے کا جتنا موقع ملا اتنا کسی اور پاکستانی کو نہیں ملا لیکن انہوں نے 300 ارب روپے کی کرپشن کے جواب کے بجائے ایک قطری خط عدالت میں جمع کرادیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر پارلیمان کو عدلیہ کے خلاف صرف اس لیے استعمال کیا گیا کہ نواز شریف کی چوری بچائی جاسکے تو ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں اس ملک کی جمہوریت اور عدلیہ کو بچانے کے لیے خود لوگوں کو سڑکوں پر نکالوں گا۔

نیب کی جانب عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل کی تحقیقات کے آغاز پر کیے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نیب کا اقدام خوش آئند ہے اور نیب کا کام ہے کہ یہ دیکھے کے عوام کا پیسہ غلط استعمال نہ ہو۔

خیال رہے کہ نیب کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ذات کے لیے کبھی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا بلکہ کبھی کسی منصوبے کے لیے جب جاتے تھے تو میں ہیلی کاپٹر استعمال کرتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں جب بھی نتھیاگلی ہاؤس میں رہا میں نے سب اخراجات خود ادا کیے جبکہ اگر میں چاہتا تو میں سرکاری خرچ پر وہاں رہ سکتا تھا اور میں ایک ایک روپیہ اس لیے دیتا ہوں کہ مجھے خوف خدا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ نیب جو کر رہی ہے اس میں یہ بھی پتہ چلایا جائے کہ پنجاب میں شریف خاندان پر ہیلی کاپٹر اور جہاز استعمال ہوئے تھے۔

سینیٹ انتخابات پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے 6 امیدوار کامیاب ہوجائیں گے، تاہم اس انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ارکان کو پیسوں کی پیش کش کی جارہی ہے جبکہ مجھے 40 کروڑ روپے کی آفر بھی ہوئی، تاہم کارکنوں کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اگر کوئی ایم پی اے بکا تو ان کے گھروں پر حملہ بھی کرسکتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری