نواز شریف کیخلاف عدالتی فیصلے پر تحریک انصاف کا جشن منانے کا اعلان


نواز شریف کیخلاف عدالتی فیصلے پر تحریک انصاف کا جشن منانے کا اعلان

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کو پارٹی صدارت  کے لیے نااہل قرار دینے پر جشن منانے کا اعلان کردیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن ایکٹ 2017 سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نواز شریف کی (ن) کی صدارت سے نااہل ہونے پر خوشیاں منانے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے عدالتی فیصلے پر کارکنوں کو جشن منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان عدالت عظمیٰ کے تاریخی فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کریں اور فیصلے کی خوشی میں عوام کو مٹھائیاں کھلائیں۔ سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ سے متعلق تاریخی فیصلہ کیا جس پر قوم چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور بنچ کے اراکین کو سلام پیش کرتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ ہر پہلو سے تاریخی اور سپریم کورٹ تحسین کی حقدار ہے، سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اپنے تاریخی فیصلے کے ذریعے اہم اصول طے کیا ہے کہ ایک بددیانت، خائن اور عدالت سے سزا یافتہ شخص کو پارٹی صدارت پر بٹھانا آئین و قانون کے ساتھ مذاق تھا، ایک شخص کی کرپشن بچانے کے لئے ملک اور پوری سیاست داؤ پر نہیں لگائی جاسکتی، مسلم لیگ (ن) نے ایک نااہل شخص پر پارٹی صدارت کا دروازہ کھول کر سیاست کے دامن میں آلائشیں ڈالنے کی کوشش کی، مسلم لیگ (ن) اپنے لئے نئے لیڈر کا انتخاب کرے اور سیاست کو آگے بڑھنے دے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ  آئین کے آرٹیکل 62  اور 63پر پورا اترنے والا ہی پارٹی صدر بن سکتا ہے،عدالتی فیصلے کی روشنی میں پاناما کیس میں نااہل قرار دیے گئے نوازشریف اب حکمران جماعت کی سربراہی سے بھی نااہل ہوگئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری