محنت کشوں نے انقلاب اور دفاع مقدس میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے، امام خامنہ ای


محنت کشوں نے انقلاب اور دفاع مقدس میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے، امام خامنہ ای

  امام خامنہ ای نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ انقلاب اور دفاع مقدس کےدوران ملک بھر میں محنت کش پوری بصیرت اور غیرت کے ساتھ میدان میں موجود رہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امام خامنہ ای نے محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے چودہ ہزار شہیدوں کی یاد میں منعقدہ سمینار کا اہتمام کرنے والی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں فرمایا کہ بعض طبقوں منجملہ محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے شہدا کی یاد منانے کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے کیونکہ انقلابی تحریک کے دوران اور اسی طرح انقلاب مخالف گروہوں کے مقابلے میں اور دفاع مقدس کے دوران ایران کے محنت کش افراد پوری غیرت اور بصیرت  کے ساتھ میدان میں موجود تھے-

واضح رہے کہ پیر کو تہران میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہدا کی یاد میں ایک عظیم الشان سمینار کا انعقاد کیا گیا اور سمینار کا اہتمام کرنے والی انتظامیہ نے پانچ فروری کو رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی تھی جس میں آپ نے خطاب فرمایا تھا اور اس کی ویڈیو پیر کو سمینار کے دوران ناظرین کو دکھائی گئی-

امام خامنہ ای نے اسلامی نظام کے خلاف محنت کشوں کو ورغلانے اور اکسانے میں انقلاب مخالف گروہوں کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں کا ایک بنیادی کام محنت کشوں کو ملک کی صنعت اور کارخانوں کو بند کر دینے کے لئے ورغلانا اور اکسانا تھا لیکن محنت کشوں نے ان تمام برسوں میں ہمیشہ بصیرت، حوصلے اور دیانتداری کے ساتھ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو مایوس کیا-

رہبر انقلاب اسلامی نے دفاع مقدس کے دوران محنت کشوں کی میدان میں موجودگی کو ان کی دینی غیرت و حمیت کا ایک اور شاندار جلوہ قرار دیا اور فرمایا کہ جب بھی امام خمینی رحمت اللہ علیہ محاذ جنگ پر جانے کی دعوت دیتے تو بہت سے نوجوان اور مومن محنت کش، کہ حتی جن کی ایک دن کی روزی روٹی بھی ان کی روزانہ کی محنت و مزدوری سے وابستہ تھی، عوامی رضاکار فورس، بسیج کے جوان کی حیثیت سے محاذ جنگ پر روانہ ہو جاتے اور یہ جوان، پوری منطق اور استدلال کے ساتھ یہ کہتے تھے کہ ہمیں محاذ جنگ پر جانا ہے ہمیں وطن اور اسلام کا دفاع کرنا ہے کیونکہ اگر دشمن ہم پر مسلط ہو گیا تو روٹی کیا، کـچھ بھی ہمیں نہیں ملے گا-

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں شہدا کی یاد میں پروگرام منعقد کرنے والوں کو سفارش کی کہ وہ شہدا کے سلسلے میں موثر اور مفید کام انجام دیں اور دکھاوے اور نمائشی کاموں سے اجتناب کریں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری