مقبوضہ کشمیر | شوپیان لہو لہان، جھڑپ میں 5 عام شہری شہید، پورے ضلعے میں کہرام

مقبوضہ کشمیر | شوپیان لہو لہان، جھڑپ میں 5 عام شہری شہید، پورے ضلعے میں کہرام

موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی جہاں پوری وادی میں فضا خوشگوار اور مشکبار ہورہی تھی وہیں اس موسم کے رنگ کو انسانی خون نے خوشگوار ہونے سے پہلے ہی ماتم کدہ میں تبدیل کردیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شوپیان میں پہنو کے مقام پر گزشتہ رات بھارتی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے 5 عام شہری شہید ہوگئے۔

بھارتی ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے پہنو شوپیان میں دوران شب ایک ناکہ قائم کیا تھا اور اس مقام سے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی۔

بھارتی فورسز کے مطابق ناکے پر جب ایک پرائیویٹ گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس میں سوار جنگجو نوجوانوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں۔  جس پر فورسز نے جوابی کاروائی کی اور گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو اور گاڑی میں سوار مزید تین شہری شہید ہو گئے۔

بھارتی دفاعی ذرائع کے مطابق یہ تینوں جنگجو تنظیموں کے اپر گراونڈ ورکر تھے، لیکن مقامی لوگوں نے دفاعی ذرائع کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ فورسز نے اس موقعے پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس سے تین عام شہری شہید ہوئے۔

اس واقعہ کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر تشدد بھڑک اٹھا جس کے دوران رات بھر مظاہرین اور پولیس میں جم کر جھڑپیں ہوئیں۔

شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔

ادھر مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے شوپیان میں عام شہریوں کی شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آج یعنی سوموار کو بھی ہمہ گیر ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔

ادھر پولیس ذرائع کے مطابق عوامی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے آج شہر خاص میں بندشیں عائد رہیں گی۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری