پیوٹن اور اردوغان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، شام کے متعلق تبادلہ خیال


پیوٹن اور اردوغان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، شام کے متعلق تبادلہ خیال

روسی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی اور ترک فوج کی عفرین میں کارروائی کے متعلق روس اور ترک صدور نے ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے روسیاالیوم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن اور رجب طیب اردغان نے دمشق کے مضافات میں خاص طور پر مشرقی غوطہ میں جاری جنگ اور عفرین میں کردوں کے خلاف ترک فوج کی کارروائی کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تہران، انقرہ اور ماسکو کے تعاون سے جلد از جلد شام میں جنگ بندی ہونی چاہئے۔

اردوغان اور پیوٹن نے شام کے جنگ زدہ علاقوں میں انسانی بنیادوں پر بہت جلد امدادی سامان بھیجنے کی تاکید کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کی امید کا اظہار کیا ہے۔

ترک صدر نے اپنے روسی ہم منصب کو شام کے علاقے عفرین میں جاری شاخ زیتون نامی آپریشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

اردوغان نے روسی صدر کو طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روسی عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

واضح  رہے کہ روس کا ایک مال بردار طیارہ شام میں روسی ایئر بیس پر حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور طیارے میں سوار تمام 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ مشرقی غوطہ میں شامی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کے کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گردوں نے پسپائی اختیار کی ہے اور سقبا اور حموریہ نامی شہروں میں قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری