مردان میں 7 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد


مردان میں 7 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے مردان سے ایک 7 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جس کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی کے علاقے تمبولک کے رہائشی وحید گل کا 7 سالہ بیٹا حارث گذشتہ روز گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا، جس کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 11 مارچ کی صبح نامعلوم ملزمان نے بچے کی لاش گھر کے قریب کھیتوں میں پھینک دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بچے کی لاش بوری میں بند تھی اور اس کے گلے پر تشدد کے نشانات تھے۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کرائم سین کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے کا آغاز کردیا جبکہ واقع کے بعد علاقے میں شدید خوف اورغم وغصہ پایا جاتا ہے۔

بچے کے والد وحید گل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ انتہائی غریب ہے اور سبزی منڈی میں یومیہ اجرت پر مزدوری کرتا ہے۔

پولیس نے بچے کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردان میڈیکل کیمپلکس منتقل کی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کے جسم سے مختلف نمونے لے کر باچاخان میڈیکل کالج کے فرانزک لیبارٹری بجھوائے گئے ہیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد جب بچے کی لاش ورثا کے حوالے کی گئی تو شہریوں نے واقع کے خلاف مقتول کم سن بچے کی لاش اٹھاکر احتجاج کے دوران مردان نوشہرہ روڈ کو بلاک کردیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بچوں سے جنسی زیادتی اور ان کے قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یاد رہے کہ مردان میں ہی 14 جنوری 2018 کو 4 سالہ اسماء اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئی تھی بعد ازاں 15 جنوری کو اسماء کی لاش گھر کے قریب کھیتوں سے ملی تھی۔

بعد ازاں 7 فروری کو خیبرپختونخوا پولیس نے اسماء کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے اور وہ مقتولہ کا قریبی رشتے دار ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری