چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان کا انتخاب آج ہوگا


چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان کا انتخاب آج ہوگا

پاکستان کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے چناؤ کے لیے انتخاب آج ہوگا جب کہ نومنتخب سینیٹرز بھی آج ہی حلف لیں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے سردار یعقوب خان ناصر کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا جو اجلاس کی صدارت کریں گے۔

آج ہونے والے سینیٹ اجلاس میں پہلے نومنتخب ارکان کی حلف برداری ہوگی جس کے بعد دوپہر 12 بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائےجائیں گے اور سہ پہر 2 بجے جانچ پڑتال کے بعد حتمی امیدواروں کا اعلان ہوگا۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے خفیہ رائے شماری 4 بجے ہوگی جس کے لیے سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے سینیٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

اراکین چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پولنگ بوتھ میں جا کر اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالیں گے۔ 

یاد رہے کہ دو یا 2 سے زائد امیدواروں میں مقابلے پر کسی ایک امیدوار کو 53 ووٹ لینے ہوں گے۔

جیو نیوز کے مطابق پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پریزائڈنگ افسر نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کےناموں کا اعلان کریں گے جس کے بعد پریزائڈنگ افسر پہلے چیئرمین سینیٹ اور پھر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔

صادق سنجرانی کو پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حمایت حاصل

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان کے نو منتخب سینیٹر صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتیں بھی آج اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیں گی۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری