فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت


فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

توانائی ڈویژن کے وزیر سرداراویس احمدخان لغاری نے فرانس کی کمپنیوں کو بہتر منافع کیلئے پاکستان کے بجلی کے شعبے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق توانائی ڈویژن کے وزیر سرداراویس احمدخان لغاری نے اسلام آباد میں فرانس کے سفیر Marc Barety سے ملاقات میں کہاکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی خدمات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کیلئے اچھے مواقع موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے فرانس کے سفیر کو حکومت کی جانب سے بجلی کے شعبے میں شروع کی گئی حالیہ اصلاحات اور توانائی کی نئی پالیسی اور بجلی کے منصوبے شروع کرنے کے بارے میں بتایا۔

فرانس کے سفیر نے اس موقع پر کہاکہ فرانس کاترقیاتی ادارہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے ٹیوب ویل لگانے اور اس سال اسکے ترقیاتی پروگرام میں قابل تجدید توانائی کے ادارے کے قیام میں معاونت کی فراہمی پر غور کرے گا۔

انہوں نے بجلی کے شعبے میں موجودہ حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔

فرانس کے سفیر نے کہاکہ بجلی کے شعبے میں مثالی پیشرفت ہوئی ہے اور فرانس کی کئی کمپنیاں اس شعبے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں سمیت اکثر علاقوں میں عوام کو روزانہ کی بنیاد پر گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے جبکہ حکومتی دعووں کو اگر دیکھا جائے تو پورے ملک میں عوام کو بجلی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی تکلیف یا شکایت نہیں ہے۔

پاکستانی حکام ایسے دعوے کرتے ہیں جیسے اس ملک میں لوڈ شیڈنگ کا کوئی تصور ہی موجود نہیں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری