ظریف: پاکستان کی مدد سے ایران میں خودکش حملوں کی کوشش ناکام/ نواز شریف کی ثالثی کی کوشش کا ایران میں خیرمقدم جبکہ سعودی عرب میں نہیں


ظریف: پاکستان کی مدد سے ایران میں خودکش حملوں کی کوشش ناکام/ نواز شریف کی ثالثی کی کوشش کا ایران میں خیرمقدم جبکہ سعودی عرب میں نہیں

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس انکشاف کیساتھ کہ گزشتہ روز 2 خود کش حملہ آوروں نے ایران میں داخلے کی کوشش کی جسے پاکستان کی مدد سے ناکام بنادیا گیا، کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کی کوشش کی جس کا ایران میں خیرمقدم ہوا جبکہ سعودی عرب میں انہیں توجہ ہی نہیں دی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' کے میزبان حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق جتنی بھی معلومات تھیں وہ پاکستان کو فراہم کردی ہیں، کسی کو بھی ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہرگز استعمال کرنے نہیں دیں گے ۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات بہت بہتر ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔

ایران سعودی عرب تعلقات میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کا آغاز کیا اور جب وہ ایران آئے تو ان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف جب سعودی عرب گئے اور انہوں نے ثالثی کی بات کی تو اس کا وہاں خیرمقدم نہیں ہوا۔

جواد ظریف نے کہا کہ ایران سی پیک منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں ایران چین کو بھی شامل کرنے کے لئے تیار ہے۔

ایک سوال پر جواد ظریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آئندہ بھی سہولت کاری کے لئے تیار ہیں۔

نوٹ: ایرانی وزیر خارجہ کا انٹرویو آج رات 8 بجکر 5 منٹ پر پروگرام 'کیپٹل ٹاک' میں دیکھ سکتے ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری