مقبوضہ کشمیر | کھنموہ میں جھڑپیں، دو کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر | کھنموہ میں جھڑپیں، دو کشمیری شہید

سرینگر کے مضافاتی علاقے کھنموہ میں بھارتی فورسز کی شہریوں کے ساتھ جھڑپوں میں دو کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ سرینگر کے مضافاتی علاقے کھنموہ میں گزشتہ روز کشمیریوں اور بھارتی فورسز کے درمیان شروع ہونے والی جھڑپ میں دو شہری شہید کئے جاچکے ہیں۔

جائے تصادم سے دو شہریوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں تاہم بھارتی پولیس ابھی تک ان کی شناخت نہیں کرپائی ہے۔

بھارتی قابض پولیس نے جائے تصادم سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے۔

بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ وہی جنگجو ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز بعدِ دوپہر کھنموہ میں بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر ڈاکٹر محمد انور کے سیکورٹی گارڈ پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔

اس واقعہ کے فوراً بعد بھارتی فورسز نے حملہ آور جنگجوﺅں کی تلاش کے بہانے گرد و نواح کے علاقے کو محاصرے میں لیا تھا، جس دوران کھنموہ کے بالہامہ علاقے میں طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی۔

اس جھڑپ میں ابتدائی طور پر سی آر پی ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

اگر چہ تصادم کی خبر پھیلتے ہی مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھارتی فورسز آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے شہریوں کو محاصرے سے نکالنے کی کو شش کی تاہم ان کی یہ کوشش ناکام رہی، بالآخر محاصرے میں پھنسے دونوں شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

ادھر جنوبی کشمیر کی ٹرین سروس آج پھر سے معطل کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کھمنوہ سرینگر میں بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دو شہریوں کے مارے جانے کے بعد پیدا شدہ صورت حال کو دیکھ کر ریلوے حکام نے آج جنوبی کشمیر کی ٹرین سروس کو معطل کردیا ہے۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو ”سیکورٹی وجوہات“ کی بنا پر معطل کردیا گیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری