طالبان کے بغیر امن مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہونگے، ذبیح‌الله مجاهد


طالبان کے بغیر امن مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہونگے، ذبیح‌الله مجاهد

طالبان ترجمان ذبیح‌الله مجاهد کا کہنا ہے کہ افغان امن مذاکرات میں شرکت کے لئے طالبان کو کسی قسم کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کے ترجمان ذبیح‌الله مجاهد کا کہنا ہے کہ افغان امن مذاکرات میں شرکت کے لئے طالبان کو کسی قسم کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔

مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان کے بغیر امن مذاکرات بے معنی ہیں۔

ذبیح‌الله مجاهد نے مزید کہا کہ افغانستان میں طالبان کا کردار نہایت اہم ہے لہذا ہمارے بغیر افغانستان کے بارے میں کسی قسم کے مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔

افغان امن مذاکرات کے لئے ازبکستان نے اس ماہ کے آخر میں دارالحکومت تاشقند میں سفارتی اہلکاروں کی ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی 26-27 تاریخ کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں علاقائی سلامتی اور ہم آہنگی کے لئے تعاون کے نام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں امریکا، پاکستان، روس اور افغانستان کے اعلیٰ حکام شریک ہونگے۔

خیال رہے کہ وسطی ایشیائی ملک، ازبکستان نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے عمل میں ایک کلیدی کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

ازبکستان افغانستان کے شمال مغرب میں واقع ہے اور اس کی سرحدیں افغانستان کے علاوہ قزاقستان، ترکمانستان، تاجکستان اور کرغیزستان سے ملتی ہیں۔

ازبکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس اُمید کا اظہار کیا گیا ہے کہ 26 اور 27 مارچ کو تاشقند میں ہونے والی امن کانفرنس کے نتیجے میں افغانستان میں قومی مصالحت کی فضا قائم ہو جائے گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری