چیئرمین سینیٹ کی ناراض بلوچ رہنماؤں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش


چیئرمین سینیٹ کی ناراض بلوچ رہنماؤں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ناراض بلوچ بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹ وہ واحد ادارہ ہے جہاں تمام صوبوں کو برابری حاصل ہے، ہم 6 ارکان کے ساتھ آئے تھے لیکن چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ایک آزاد امیدوار کی حمایت کرنا ملک کے لیے نیک شگون ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان پر مہربانی کی اور یقین دلایا کہ وہ سینیٹ چیئرمین کے لیے ہمیں ووٹ دیں گے۔  جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نواز شریف ہمارے بزرگ ہیں، وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے حوالے سے صادق سنجرانی نے کہا کہ جس کو زیادہ سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوگی وہی اپوزیشن لیڈر بنے گا، اس سلسلے میں انہوں نے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو خطوط لکھ دیے ہیں، جواب موصول ہونے کے 7 روز کے اندر اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔

بلوچستان میں امن کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بلوچستان اب پہلے سے بہت بہتر ہو گیا ہے اور صوبہ اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ میں ناراض بلوچ بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، ہم ان کے لیے قانون سازی کریں گے اور ان کے لیے روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری