ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی


ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

پاک فضائیہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جہاں ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کے طور پر کمان سنبھالی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سبکدوش ہونے والے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ ۔پاک فضائیہ ایک مثالی ادارہ ہے اور انہیں اس کے ایک ایک فرد پر فخر ہے'۔

سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ 'حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے اور پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔'

ایئر مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

23 دسمبر 1962 کو پیدا ہونے والے ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔

وہ ایئر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان نے اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی بھی حاصل کی جبکہ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان کو شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارۂ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری