اسلام آباد چابہار منصوبے سے متعلق تہران کی پیشکش کو قبول کرے، صدر پاک ایران تجارتی فیڈریشن


اسلام آباد چابہار منصوبے سے متعلق تہران کی پیشکش کو قبول کرے، صدر پاک ایران تجارتی فیڈریشن

پاک ایران تجارتی فیڈریشن کے صدر نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد چابہار اور گوادر بندرگارہوں کو آپس میں ملانے کے حوالے سے تہران کی پیشکش کو قبول کرے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک ایران تجارتی فیڈریشن کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چابہار اور گوادر بندرگارہوں کو آپس میں ملانے کی ایرانی وزیر خارجہ کی پیشکش کو قبول کرے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات ایران کے کمرشل اتاشی کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے حالیہ دورہ پاکستان سے دوطرفہ تجارتی تعاون کی راہ مزید ھموار ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ظریف نے اس دورے کے موقع پر چابہار اور گوادر بندرگاہوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی پیشکش کی جسے پاکستانی حکومت کو قبول کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معاشی ترقی اور ملکی مفادات کی خاطر چابہار اور گوادر کو ملانے کی پیشکش پر مثبت ردعمل دے کیونکہ اس کے ذریعے ایران اور پاکستان خطے کے مستقبل کو تبدیل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پابندیوں کے بجائے رابطہ نیٹ ورک قائم کرکے تمام ہمسایہ ممالک کو آپس میں ملاسکتے ہیں۔

خواجہ حبیب الرحمان نے یہ انکشاف کیا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جلد آزاد تجارتی معاہدہ حتمی ہوجائے گا اور مزید برآں گوادر اور چابہار کو بھی قریب لانے کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے جس کی مدد سے پاک ایران تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے پاک ایران تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے بینکاری تعلقات کی بحالی اور دونوں ممالک میں بینکوں کی شاخ کھولنے پر زور دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری