جنوبی کشمیر کے ڈورو علاقے میں 2 کشمیری شہید، ٹرین سروس معطل

جنوبی کشمیر کے ڈورو علاقے میں 2 کشمیری شہید، ٹرین سروس معطل

جنوبی کشمیر کے ڈورو اننت ناگ میں بھارتی فورسز کیساتھ جھڑپوں میں 2 کشمیری شہید ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جنوبی کشمیر کے ڈورو علاقے کو کل رات بھارتی فوج اور پولیس نے محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔

مجاہدین کی موجودگی کے بہانے جموں کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے اس پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

اس دوران محاصرے میں پھنسے کشمیری شہریوں کی مزاحمت کی صورت میں فورسز نے اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوگئے۔

بھارتی پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مارے جانے والے دو افراد کی تحویل سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس تصادم کے نتیجے میں آج ڈورو، ویری ناگ اور لارکی پورہ علاقوں میں تعزیتی ہڑتال کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں مشتعل نوجوانوں نے فورسز پر پتھراﺅ کیا، جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان پر تشدد جھڑپیں شروع ہوئیں۔

اطلاعات کے مطابق ضلع بھر میں ہڑتال کے نتیجے میں آج معمول کی زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ تمام دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند ہیں اور ٹرانسپورٹ معطل رہا۔

اس واقعے کے بعد ریلوے حکام نے آج سرینگر۔ بانہال ٹرین سروس کو معطل کردیا ہے۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں کی ایڈوائزری پر آج سیکورٹی وجوہات کی بنا پر جنوبی کشمیر کی ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم سرینگر۔ بڈگام۔ بارہمولہ ٹرین سروس حسب معمول جاری رہے گی۔

اس دوران حکام نے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں آج موبائل انٹر نیٹ سروس بھی بند کردی تھی تاہم بعد دوپہر موبائل انٹرنیٹ سروس کو دوبارہ بحال کیا گیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری