اگلے عام انتخابات رواں سال جولائی میں ہوں گے، وزیراعظم


اگلے عام انتخابات رواں سال جولائی میں ہوں گے، وزیراعظم

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عام انتخابات اس سال جولائی میں ہوں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وہ لاہور میں سندر صنعتی زون میں ایلومینیم کے پہلے پیداواری پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں عوام اگلی حکومت کے بارے میں فیصلہ کریں گے اور ان کا فیصلہ قبول کیا جائے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ برآمدی اہداف کے حصول کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مختلف اقدامات کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے سہولتیں فراہم کی ہیں جن سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے پیداوار شعبے میں پائیداری اور معیار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب کے لئے مقامی مصنوعات کو عالمی مسابقت کاروں کے برابر لانے کی اہمیت واضح کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت قلیل اور طویل مدت پالیسیوں کے ذریعے درآمدات اور برآمدات میں توازن کے حصول کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری