وزیراعظم کی افغان حکام سے ملاقاتیں/ مشترکہ مقاصد کے لئے تعاون پر اتفاق/ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے گا


وزیراعظم کی افغان حکام سے ملاقاتیں/ مشترکہ مقاصد کے لئے تعاون پر اتفاق/ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے گا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اورمشترکہ مقاصد کے لئے تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کا وعدہ کیا

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا افغان صدارتی محل میں افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے استقبال کیا جب کہ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

افغان فوج کے دستے نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سلامی دی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

افغانستان کے صدارتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی اور پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔

افغان صدارتی ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ، علاقائی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں افغان امن مذاکرات، افغان مہاجرین کی واپسی، ریل روڈ منصوبوں اور دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

افغانستان کے صدارتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ صورتحال کو مذاکرات کے ذریعےحل کرناچاہیے اور دونوں فریق افغان مہاجرین کی واپسی کی ٹائم لائن اور مکینیزم بنانے پر متفق ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، افغان مصالحتی عمل، انسداد دہشت گردی امور، افغان مہاجرین کی واپسی، دو طرفہ تجارت اور علاقائی رابطوں کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماوں کا مشترکہ اقتصادی کمیشن کی جلد ملاقات پر اتفاق کیا گیا اور ریلوے، روڈ، گیس پائپ لائن اور توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹرانزٹ ٹریڈ کے امور کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کی جلد ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور افغانستان کی اعلیٰ قیادت نے چمن سے قندھار اور ہرات ریلوے لائن پر کام کرنے پر اتفاق کے علاوہ پشاور کابل موٹروے کو بھی آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تاپی اور کاسا 1000 منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاک افغان حکام نے دہشت گردی کو مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے مل کر اس کا خاتمہ کرنے کا اعادہ بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں بلکہ اس مسئلے کا سب سے بہترین حل سیاسی ہے اور کسی کو بھی اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ کابل طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی پیشکش کی کڑی ہے جب کہ ترجمان نے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کر دیے۔

یاد رہے کہ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کے ذریعے افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو کابل کے دورے کی دعوت دی تھی ۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری