پنجاب اسمبلی نےشام پر امریکی حملے کو سرحدی خلاف ورزی قراردیا،  مذمتی قراداد پیش


پنجاب اسمبلی نےشام پر امریکی حملے کو سرحدی خلاف ورزی قراردیا،  مذمتی قراداد پیش

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کا کام اس کیلئے مقرر کردہ تنظیم کا ہے، امریکہ، برطانیہ یا فرانس کا نہیں، لہذا یہ ایوان شام پر اچانک حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق  شام میں امریکہ کی جانب سے حملے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔

قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ حنا پرویز بٹ کا قرارداد میں کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے شام میں حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر حملہ کیا، جو کھلم کھلا کسی بھی ملک کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ 

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کو جواز بنا کر خود مختار حکومت پر 3 بڑے ممالک کا حملہ بالکل بے بنیاد ہے، اس حملے کے بعد تمام اسلامی ممالک کے مسلمانوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کا کام اس کیلئے مقرر کردہ تنظیم کا ہے، امریکہ، برطانیہ یا فرانس کا نہیں، لہذا یہ ایوان شام پر اچانک حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ایوان او آئی سی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس حملے کا نوٹس لے۔ 

انہوں نے کہا کہ 3 بڑی ایٹمی طاقتیں دنیا کے امن کو داؤ پر نہ لگائیں، پوری مسلم امہ کو کشمیر، فلسطین، عراق، یمن اور شام میں جاری خانہ جنگی کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے، اس سلسلے میں ان کو متحد ہونا پڑے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری