ن لیگ کے تا حیات قائد نواز شریف اور مریم نواز لندن روانہ


ن لیگ کے تا حیات قائد نواز شریف اور مریم نواز لندن روانہ

ن لیگ کے تا حیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور نواسی کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سابق وزیراعظم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی پرواز کے ذریعے بذریعہ قطر لندن پہنچیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن روانگی سے قبل ایک ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے کہا کہ امی کی عیادت کے لئے لندن جا رہے ہیں، اگر عدالت نے حاضری سے استثنیٰ نہ دیا تو آئندہ سماعت سے پہلے ہی انشاءاللہ واپس آجائیں گے۔

مریم نواز نے اپیل کی کہ ان کی والدہ کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

خیال  رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 23 اپریل کو ہونا ہے۔

واضح رہے کہ  مریم نواز نے گزشتہ روز بذریعہ ٹوئٹ بتایا تھا کہ ان کی والدہ کو ایک مرتبہ پھر اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جب کہ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی بھی اپیل کی تھی۔

یاد رہے کہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔

برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں اور اسی عرصے کے دوران ان کی 3 بار سرجری بھی کی جاچکی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری