افغان سیکیورٹی فورسز پر شرپسندوں کا حملہ 14 اہلکار جاں بحق/ داعش نے 3 سگے بھائیوں کا سر قلم کردیا


افغان سیکیورٹی فورسز پر شرپسندوں کا حملہ 14 اہلکار جاں بحق/ داعش نے 3 سگے بھائیوں کا سر قلم کردیا

افغانستان میں شدت پسندوں کے حملوں میں 14 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں اور داعشی دہشت گردوں نے 3 سگے بھائیوں کا سرقلم کردیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صوبائی پولیس کے نائب سربراہ غلام سرور نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد نے ضلع اب کماری میں ایک چھاؤنی پر حملہ کرتے ہوئے 9 فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

دوسرا حملہ قادس نامی ضلع میں کیا گیا، جس میں 5 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سرور کے بقول یہ دونوں حملے تقریباً ایک ہی وقت میں کیے گئے۔ حکام نے ان حملوں کی ذمے داری طالبان پر عائد کی ہے۔

دوسری جانب صوبہ ننگرہار کے ضلع چھرہار میں داعش نے 3 بھائیوں کے سر تن سے جدا کردیے۔ ان کی عمریں 19، 24 اور 27 سال تھیں۔

ننگرہار گورنر کے ترجمان عطااللہ خوجیانی نے بتایا کہ ایک بھائی ڈاکٹر27 سالہ نثار طریلیوال پرائیویٹ کلینک چلا رہا تھا، اس کا بھائی  24سالہ نعیم ویکسین مہم میں تھا اور 19سالہ وہاب میڈیکل کا طالبعلم تھا۔ ایک اور واقعے میں داعش نے اسی صوبے کے ضلع رودت سے 11 کسانوں کو اغوا کرلیا جن میں سے دو کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔

اس کے علاوہ اتوار کے روز کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے افراد کو گزشتہ روز سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد افسردہ تھے۔ علاوہ ازیں صوبہ تخار کے ضلع ینگی میں افغان فوج کے دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری