4 ہزار پاکستانیوں کی حوالگی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، لاپتہ افراد کمیشن


لاپتہ افرادکے کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ 4 ہزار پاکستانیوں کی حوالگی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لاپتہ افرادکے کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کچھ نو وارد اور طالع آزما سیاستدان پختون عوام کی معصومیت سے ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور لاپتہ افرادکے انسانی المیہ کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاپتہ افرادکے کمیشن نے اس تاثرکو بالکل غلط قرار دیا ہے کہ4ہزار پاکستانیوں کو غیر ممالک کے حوالے کیا گیا۔ چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن نے جن اعداد و شمار کا حوالہ دیا تھا وہ ایک انگریزی روزنامہ (دی نیوز) میں بدھ 18 اپریل2007 کو شائع ہوئے تھے۔

لاپتہ افرادکے کمیشن نے مذکورہ خبر کی تصحیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے اس سے سادہ لوح اور معصوم عوام کو نہیں بہکایا جا سکتا جن کی اپنے پیارے وطن پاکستان سے وابستگی پتھر پر لکیر ہے۔