خواجہ آصف کی نااہلی  کیس، فیصلہ کل سنایا جائے گا

اسلام آباد ہائی کورٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کیس کا فیصلہ جمعرات کو سنائے گی۔

خواجہ آصف کی نااہلی  کیس، فیصلہ کل سنایا جائے گا

تسنیم نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے جب کہ خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے، وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔

آخری سماعت پر جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا  تھا کہ  کوئی شخص کسی اور ملک میں ملازمت کرتا ہے تو پاکستان میں کیسے وزارت چلاسکتا ہے؟،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ اب محفوظ شدہ فیصلہ کل سنائے گی، فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ سنائیں گے جب کہ فیصلے سے متعلق تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں عثمان ڈار کو خواجہ آصف کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے اپنی پٹیشن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کا 28 جولائی والا فیصلہ نقل کیا جس میں انہیں اقامہ رکھنے پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری